محکمہ زراعت نے گاوں کی سطح پر توسیع سروس کو فعال کرنے کیلئے ”سوموار میٹنگ” کا اہتمام شروع کردیا

محکمہ زراعت نے گاوں کی سطح پر توسیع سروس کو فعال کرنے کیلئے ”سوموار میٹنگ” کا اہتمام شروع کردیا، زمینداروں نے اس سرگرمی کوزرعی پیداوار کیلئے بہترین قرار دیدیا

مظفرآباد(سٹیٹ ویوز)سیکرٹری زراعت، لائیوسٹاک، آبپاشی و سمال ڈیمز آزاد جموں کشمیر حکومت سردار جاوید ایوب نے زرعی توسیعی سروس کو ریاست بھر میں یونین کونسل کی سطح پر فعال کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادکشمیر بنیادی طور پر زرعی ریاست ہے۔ زمین کی کمی اور ناکافی زرعی پیداوار کی وجہ سے لوگ اگرچہ دوسرے ذرائع آمدن کی تلاش میں رہتے ہیں لیکن اس کمی کو ایک فعا ل توسیعی سروس سے دور کیا جاسکتا ہے۔ محکمہ زراعت کااولین مقصد پائیدار زرعی ترقی اور اس مقصد کوحاصل کرنے کیلئے کاشتکاروں کی فنی صلاحیت میں اضافے کے ساتھ ساتھ انہیں معیاری زرعی مداخل کی بروقت اور آسان فراہمی کی سہولت سے مستفید کرنا ہی محکمہ زراعت کا مشن ہے۔

اس تمام کاوش کے لئے زرعی توسیعی سروس کے فعال کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔کسان اور توسیعی کارکن کا رابطہ اس کیلئے پہلی شرط ہے۔ اس رابطے کو مضبوط بنانے میں سوموار میٹنگ کاانعقاد کیا جارہا ہے تاکہ کسانوں کو ان کی دہلیز پر تکنیکی معاونت اور راہنمائی فراہم کی جائے اور ان کے مسائل کی روشنی میں مناسب حل تلاش کرنے میں ان کی مدد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پہلی ہی دو میٹنگز میں حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے ہیں۔ کسانوں کی وسیع پیمانے پر شرکت سے یہ امر بھی واضح ہے کہ وہ اپنی زمینوں کی طرف لوٹنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ محکمہ زراعت نے اس ارادے کو عمل پہیم میںبدلنا ہے تاکہ مہنگائی کے اس عفریت کا مقابلہ کیا جاسکے۔ جو موجودہ معاشی بگاڑ کی وجہ سے ہمارے اوپر مسلط ہوچکا ہے۔

محکمہ زراعت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکرٹری محکمہ زراعت آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر نے اپنے توسیع سروس سٹاف کے ذریعے یونین کونسل میں واقع گائوں کی سطح پر زمینداران اور محکمہ زراعت کے توسیع کارکنان کے درمیان مضبوط اور مسلسل رابطہ کاری کیلئے ’’سوموار میٹنگ‘‘ کے انعقاد کا اہتمام کیا ہے۔ ’’سوموار میٹنگ‘‘ کا بنیادی مقصد کسانوں کے عمومی مسائل سے آگاہی اور موقع پر ان کا ممکنہ حل تلاش کرنا ہے۔

سردار جاوید ایوب نے سیکرٹری زراعت، لائیوسٹاک، آبپاشی و سمال ڈیمزآزاد حکومت ریاست جموں وکشمیرکا چارج سنبھالتے ہی محکمہ اور زمینداران کے درمیان موثر رابطہ کیلئے ’’سوموار میٹنگز‘‘ کے انعقاد کی ہدایت کی۔ اس سلسلہ کی پہلی میٹنگ نئے سیکرٹری حکومت کے چارج سنبھالنے کے دو ہفتے کے اندر 04 جولائی2022ء کو منعقد ہوئی۔پہلی سوموار میٹنگز کے جائزہ کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرتے ہوئے فیلڈ سٹاف کی رہنمائی کے بعد 18 جولائی2022ء کو آزادکشمیر بھر میں ’’سوموار میٹنگز‘‘ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ جن میں زمینداران نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ محکمہ زراعت کے توسیعی کارکنان اور زمینداران کی آزادکشمیر بھر میں منعقد ہونے والی ’’سوموارمیٹنگز‘‘ کی تفصیل بذیل ہے:

ضلع نیلم
ضلع نیلم کے 09 توسیع مراکز کے تحت گائوں کی سطح 09 ’’سوموار میٹنگز‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں 100 سے زائد زمیندارا ن نے شرکت کی۔ میٹنگز میں زمینداران کو پیش آمدہ مشکلات کے حوالہ سے موقع پر رہنمائی کی گئی جن میں سے چیدہ چیدہ بذیل ہے
٭ اس وقت ضلع میں مکئی کی فصل بڑھوتری کے درمیانی مرحلہ میں داخل ہوچکی ہے۔مکئی کی فصل میں سے بارشی پانی کی نکاسی کا مناسب بندوبست کرنے ، جڑی بوٹیوں کی تلفی ، گوڈی کرنے اور مٹی چڑھانے کے سلسلہ میں رہنمائی کی گی۔ ضرورت کے مطابق یوریا کھاد 03کلوگرام فی کنال استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ چونکہ ضلع میں قبل ازیں مکئی کی فصل پر آرمی ورم کا شدید حملہ ہوا تھا جس کے تدارک کیلئے محکمہ کی جانب سے باقاعدہ مہم چلائی گی۔ زمینداراپنی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور اگر کسی علاقہ میں آرمی ورم کا حملہ ہو تو محکمہ کی جانب سے سفارش کردہ کیڑے مار زہر (ایمامیکٹرین 3ملی لیٹر فی لٹر پانی میں) استعمال کریں۔

٭ بالائی علاقوں کے زمینداران کو بتایا گیا کہ ضلع نیلم بے موسمی سبزیات کی کاشت کیلئے موزوں ترین ہے۔ اس لئے زمینداران کاشت شدہ بے موسمی سبزیات شلغم، مولی ، مٹر ، کڑم ساگ کاشت کریں۔ جبکہ لوئر نیلم ویلی کے زمینداران کو بتایاگیا کہ وہ کاشت شدہ سبزیات کی دیکھ بھال کریں۔ٹماٹر کے پودوں کو گرنے سے بچانے کیلئے سہارا دیں۔

٭ ضلع نیلم کی دال لوبیا اپنے ذائقہ کے اعتبار سے منفرد حیثیت کی حامل ہے۔ زمینداران کوبتایا گیا کہ وہ کاشت شدہ فصل کا معائنہ کریں اور اگر فصل پر کسی بھی قسم کی بیماری کا حملہ ہوتو محکمہ زراعت کی سفارشات کردہ کرم کش ادویات(مینکوزیپ2گرام فی لٹر پانی) کا استعمال کریں ۔

ضلع مظفرآباد
ضلع مظفرآباد کے 45 توسیع مراکز کے تحت گائوں کی سطح 53’’سوموار میٹنگز‘‘ کا انعقاد کیا گیا (10 میٹنگز ویمن ونگ کے تحت منعقد ہوئیں)۔ مختلف گائوں میں 540 سے زائد زمیندارا ن نے شرکت کی۔ میٹنگز میں زمینداران کو پیش آمدہ مشکلات کے حوالہ سے موقع پر رہنمائی کی گئی جن میں سے چیدہ چیدہ بذیل ہے:

٭ زمینداران کو بتایا گیا کہ مکئی کی فصل بڑھوتری کے مرحلہ پر ہے فصل سے بارشی پانی کی نکاسی کا مناسب بندوبست کرنے ، جڑی بوٹیوں کی تلفی ، گوڈی کرنے اور مٹی چڑھانے کے سلسلہ میں رہنمائی کی گی۔ ضرورت کے مطابق یوریا کھاد 03کلوگرام فی کنال استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ چونکہ آزادکشمیر کے بالائی اضلاع نیلم ، جہلم ویلی اور حویلی میں مکئی کی فصل پر آرمی ورم کا حملہ ہوا تھا۔ زمینداران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور آرمی ورم کے حملہ کی صورت میں محکمہ کی سفارش کردہ کیڑے مار زہر (ایمامیکٹرین 3ملی لیٹر فی لٹر پانی میں) استعمال کریں اور روشنی کے پھندے لگائیں۔

٭ زمینداران کو بتایا گیا کہ کاشت شدہ سبزیوں کا معائنہ کریں ، جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے گوڈی کریں ، بیماری یا کیڑوں کے حملہ کی صورت میں سفارش کردہ کرم کش ادویات استعمال کریں،ٹماٹر کے پودوں کو گرنے سے بچانے کیلئے سہارا دیں۔

٭ سدابہار پودوں (کینو،مالٹا، لیموں ، امردو اور لوکاٹ) کے باغات کی دیکھ بھال کریں ، زیادہ بارش کی صورت میں باغات سے پانی کی نکاسی کریں ۔ پت چھڑ پودوں (آلوبخارہ، خوبانی ، آڑو اور سیب) کی رنگ بڈنگ پیوندکاری کریں۔ لیموں اور مٹھاکے پودوں کی ایئر لیئرنگ کے ذریعے افزائش نسل کریں۔

٭ سدا بہار چارہ جات کی پہلی کٹائی کریں اور کٹائی کے بعد پانی کے ساتھ یوریا کھاد بشرح 3کلوگرام فی کنال استعمال کریں۔

٭ زیتون کا پھل بروقت اکٹھا کرتے ہوئے متعلقہ ادارہ سے Oil Extractionکے حوالہ سے رابطہ کریں۔

٭ خواتین فارمرز کی آئندہ ہفتہ کچن گارڈننگ کی تربیت کے حوالہ سے لائحہ طے کیا گیا۔

ضلع جہلم ویلی
ضلع جہلم ویلی کے 23 توسیع مراکز کے تحت گائوں کی سطح 23 ’’سوموار میٹنگز‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ مختلف موضعات میں 275 سے زائد زمیندارا ن نے شرکت کی۔ میٹنگز میں زمینداران کو پیش آمدہ مشکلات کے حوالہ سے موقع پر رہنمائی کی گئی جن میں سے چیدہ چیدہ بذیل ہے

٭ زمینداران کو بتایا گیا کہ مکئی کی فصل بڑھوتری کے مرحلہ پر ہے فصل سے بارشی پانی کی نکاسی کا مناسب بندوبست کرنے ، جڑی بوٹیوں کی تلفی ، گوڈی کرنے اور مٹی چڑھانے کے سلسلہ میں رہنمائی کی گی۔ ضرورت کے مطابق یوریا کھاد 03کلوگرام فی کنال استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ چونکہ ضلع کے بالائی علاقوں میں قبل ازیں مکئی کی فصل پر آرمی ورم کا شدید حملہ ہوا تھا جس کے تدارک کیلئے محکمہ کی جانب سے باقاعدہ مہم چلائی گی۔ زمینداراپنی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور اگر کسی علاقہ میں آرمی ورم کا حملہ ہو تو محکمہ کی جانب سے سفارش کردہ کیڑے مار زہر (ایمامیکٹرین 3ملی لیٹر فی لٹر پانی میں) استعمال کریںاور روشنی کے پھندے لگائیں۔

٭ زمینداران کو بتایا گیا کہ کاشت شدہ سبزیوں کا معائنہ کریں ، جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے گوڈی کریں ، بیماری یا کیڑوں کے حملہ کی صورت میں سفارش کردہ کرم کش ادویات استعمال کریں،ٹماٹر کے پودوں کو گرنے سے بچانے کیلئے سہارا دیں۔ بے موسمی سبزیات کے وہ کاشتکاران جنہوں نے اپنی فصل کی برداشت مکمل کر لی ہے بے موسمی سبزیات کی پچھیتی کاشت کیلئے زمین کی تیاری کریں۔

٭ ضلع میں پیاز کی برداشت کا عمل تقریباً مکمل ہوچکی ہے زمینداران کو ہدایت کی گئی کہ وہ پیاز کو ہوادار کمرے میں سٹور کریں اور نمی سے محفوظ رکھیں۔

٭ جن زمینداران نے محکمہ کے تعاون سے مکئی کے بیج کی پیداوار کیلئے ’’سیڈانکریز بلاک‘‘ تنصیب کئے ہیں کو ہدایت کی گئی کہ وہ فصل سے بارش کے زائد پانی کی نکاسی کیلئے اقدامات کریں ، جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے گوڈی کریں اور پودوںپر مٹی چڑھائیں ۔ اگر جڑی بوٹیاں زیادہ ہوں تو ان کی تلفی کیلئے محکمہ کی جانب سے سفارش کردہ جڑی بوٹی مار زہر (گینگھوی 400 ملی گرام فی ایکڑپانی میںملا کر) استعمال کریں۔

٭ زمینداران کوبتایا گیا کہ وہ کاشت شدہ دال لوبیا کا معائنہ کریں اور اگر فصل پر کسی بھی قسم کی بیماری کا حملہ ہوتو محکمہ زراعت کی سفارشات کردہ کرم کش زہر (مینکوزیپ2گرام فی لٹر پانی) کا استعمال کریں ۔

٭ لیپہ ویلی کے زمینداران کو ہدایت کی گئی کہ علاقہ میں کاشت ہونے والے چاول (سکھ داس) میں جڑی بوٹیوں (آئی بوٹی) کی تلفی کریں ۔

٭ لیپہ ویلی کے زمینداران کو ہدایت کی گئی کہ اخروٹ کے درختوں سے Walnut Weevil کے باعث گرنے والے اخروٹ کو جمع کر کے زمین میں دبا دیں۔

ضلع باغ
ضلع باغ کے 45 توسیع مراکز کے تحت گائوں کی سطح 45 ’’سوموار میٹنگز‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ مختلف گائوں میں 425 سے زائد زمیندارا ن نے شرکت کی۔ میٹنگز میں زمینداران کو پیش آمدہ مشکلات کے حوالہ سے موقع پر رہنمائی کی گئی جن میں سے چیدہ چیدہ بذیل ہے

٭ ضلع میں مکئی کی فصل بڑھوتری کے مرحلہ پر ہے ۔زمینداران کو بتایا گیا کہ زیادہ بارش کی صورت میں فصل سے اضافی پانی کی نکاسی کا مناسب بندوبست کرنے ، جڑی بوٹیوں کی تلفی ، گوڈی کرنے اور مٹی چڑھائیں۔ ضرورت کے مطابق یوریا کھاد 03کلوگرام فی کنال استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ زمینداران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور آرمی ورم کے حملہ کی صورت میں محکمہ کی سفارش کردہ کیڑے مار زہر (ایمامیکٹرین 3ملی لیٹر فی لٹر پانی میں) استعمال کریں اور روشنی کے پھندے لگائیں۔

٭ زمینداران کو بتایا گیا کہ کاشت شدہ سبزیوں کا معائنہ کریں ، جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے گوڈی کریں ، بیماری یا کیڑوں کے حملہ کی صورت میں سفارش کردہ کرم کش ادویات استعمال کریں،ٹماٹر کے پودوں کو گرنے سے بچانے کیلئے سہارا دیں۔

٭ باغات کی دیکھ بھال کیلئے جڑی بوٹیوں کی تلفی کر کے پودوں کے گرد دور بنائیں، زائد پانی کی صورت میں نکاسی آب کا انتظام کریں ۔ پھلدار پودوں پر دیمک کے حملہ کے تدارک کیلئے دانے دار زہر (فیورا ڈان50 گرام فی پودہ) استعمال کریں۔ میٹھا ، انار ، انجیر اور انگور کی قلمیں لگائیں۔ سیب کے پودوں پر کاڈلنگ ماتھ کے حملہ کی صورت میں ریشم ، ٹال سٹار، سیون سٹار 25 ملی لیٹر فی کنال 10 لیٹر پانی میں ملا کر سپرے کریں، پودوں کے تنوں کے گرد پٹسن بوریاں باندھ دیں اور ہفتہ وار چیک کر کے کیڑوں کو تلف کریں اور دوبارہ باندھ دیں۔ ترشاوہ پودا جات کی قلم کاری جاری رکھیں۔ سیب میں Sooty Blotch (پتوں اور پھل پر کالے دھبے) کے حملہ کی صورت میں ڈیو/ ڈائی فیناکونازول 10ملی لیٹر فی10 لیٹر پانی میں ڈال کر سپرے کریں۔

ضلع حویلی
ضلع حویلی کے 08 توسیع مراکز کے تحت گائوں کی سطح 08 ’’سوموار میٹنگز‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ مختلف موضعات میں 100 سے زائد زمیندارا ن نے شرکت کی۔ میٹنگز میں زمینداران کو پیش آمدہ مشکلات کے حوالہ سے موقع پر رہنمائی کی گئی جن میں سے چیدہ چیدہ بذیل ہے

٭ زمینداران کو بتایا گیا کہ مکئی کی فصل بڑھوتری کے مرحلہ پر ہے زیادہ بارش کی صورت میں فصل سے اضافی پانی کی نکاسی کا مناسب بندوبست کریں ، جڑی بوٹیوں کی تلفی ، گوڈی کرنے اور مٹی چڑھائیں۔ ضرورت کے مطابق یوریا کھاد 03کلوگرام فی کنال استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ چونکہ ضلع کے بالائی علاقوں میں قبل ازیں مکئی کی فصل پر آرمی ورم کا شدید حملہ ہوا تھا جس کے تدارک کیلئے محکمہ کی جانب سے باقاعدہ مہم چلائی گی۔ زمینداراپنی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور اگر کسی علاقہ میں آرمی ورم کا حملہ ہو تو محکمہ کی جانب سے سفارش کردہ کیڑے مار زہر (ایمامیکٹرین 3ملی لیٹر فی لٹر پانی میں) استعمال کریںاور روشنی کے پھندے لگائیں۔

٭ زمینداران کو بتایا گیا کہ کاشت شدہ سبزیوں کا معائنہ کریں ، جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے گوڈی کریں ، بیماری یا کیڑوں کے حملہ کی صورت میں سفارش کردہ کرم کش ادویات استعمال کریں،ٹماٹر کے پودوں کو گرنے سے بچانے کیلئے سہارا دیں۔ بے موسمی سبزیات کے وہ کاشتکاران جنہوں نے اپنی فصل کی برداشت مکمل کر لی ہے بے موسمی سبزیات کی پچھیتی کاشت کیلئے زمین کی تیاری کریں۔

٭ زمینداران کوبتایا گیا کہ وہ کاشت شدہ دال لوبیا کا معائنہ کریں اور اگر فصل پر کسی بھی قسم کی بیماری کا حملہ ہوتو محکمہ زراعت کی سفارشات کردہ کرم کش زہر (مینکوزیپ2گرام فی لٹر پانی) کا استعمال کریں ۔

ضلع پونچھ
ضلع پونچھ کے 27 توسیع مراکز کے تحت گائوں کی سطح 27 ’’سوموار میٹنگز‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ مختلف موضعات میں 320 سے زائد زمیندارا ن نے شرکت کی۔ میٹنگز میں زمینداران کو پیش آمدہ مشکلات کے حوالہ سے موقع پر رہنمائی کی گئی جن میں سے چیدہ چیدہ بذیل ہے

٭ مکئی کی فصل بڑھوتری کے مرحلہ پر ہے زمینداران کو بتایا گیا کہ بارش کی صورت میں فصل سے اضافی پانی کی نکاسی کریں ، جڑی بوٹیوں کی تلفی ، گوڈی کرنے اور مٹی چڑھائیں، یوریا کھاد 03کلوگرام فی کنال استعمال کریں ۔ فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور اگر کسی علاقہ میں آرمی ورم کا حملہ ہو تو محکمہ کی جانب سے سفارش کردہ کیڑے مار زہر (ایمامیکٹرین 3ملی لیٹر فی لٹر پانی میں) استعمال کریںاور روشنی کے پھندے لگائیں۔

٭ کاشت شدہ سبزیوں کا معائنہ کریں ، جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے گوڈی کریں ، بیماری یا کیڑوں کے حملہ کی صورت میں سفارش کردہ کرم کش ادویات استعمال کریں۔بے موسمی سبزیات کے وہ کاشتکاران جنہوں نے اپنی فصل کی برداشت مکمل کریں۔

٭ جن زمینداران نے محکمہ کے تعاون سے مکئی کے بیج کی پیداوار کیلئے ’’سیڈانکریز بلاک‘‘ تنصیب کئے ہیں کو ہدایت کی گئی کہ وہ فصل سے بارش کے زائد پانی کی نکاسی کیلئے اقدامات کریں ، جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے گوڈی کریں اور پودوںپر مٹی چڑھائیں ۔ اگر جڑی بوٹیاں زیادہ ہوں تو ان کی تلفی کیلئے محکمہ کی جانب سے سفارش کردہ جڑی بوٹی مار زہر (گینگھوی 400 ملی گرام فی ایکڑپانی میںملا کر) استعمال کریں۔

ضلع سدھنوتی
ضلع سدھنوتی کے 09 توسیع مراکز کے تحت گائوں کی سطح09 ’’سوموار میٹنگز‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ مختلف گائوں میں 115 سے زائد زمیندارا ن نے شرکت کی۔ میٹنگز میں زمینداران کو پیش آمدہ مشکلات کے حوالہ سے موقع پر رہنمائی کی گئی جن میں سے چیدہ چیدہ بذیل ہے

٭ اس وقت ضلع میں مکئی کی فصل گوڈی کے مرحلہ پر ہے۔ زمینداران کو بتایا گیا کہ جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے گوڈی کریں اور مٹی چڑھائیں۔ یوریا کھاد 03کلوگرام فی کنال استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ زمینداران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں ۔

٭ زمینداران کو بتایا گیا کہ کاشت شدہ سبزیوں کا معائنہ کریں ، جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے گوڈی کریں ، بیماری یا کیڑوں کے حملہ کی صورت میں سفارش کردہ کرم کش ادویات استعمال کریں،ٹماٹر کے پودوں کو گرنے سے بچانے کیلئے سہارا دیں۔

٭ باغات کی دیکھ بھال کیلئے جڑی بوٹیوں کی تلفی کر کے پودوں کے گرد دور بنائیں، زائد پانی کی صورت میں نکاسی آب کا انتظام کریں ۔ سیب میں Sooty Blotch (پتوں اور پھل پر کالے دھبے) کے حملہ کی صورت میں ڈیو/ ڈائی فیناکونازول 10ملی لیٹر فی10 لیٹر پانی میں ڈال کر سپرے کریں۔

٭ فروٹ فلائی ٹریپ میں میتھائل یوجینال اور شدید حملہ کی صورت میں ٹرائی کلوروفان کا سپرے کریں۔

ضلع کوٹلی

ضلع کوٹلی کے 30 توسیع مراکز کے تحت گائوں کی سطح30 ’’سوموار میٹنگز‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ مختلف موضعات میں 350 سے زائد زمیندارا ن نے شرکت کی۔ میٹنگز میں زمینداران کو پیش آمدہ مشکلات کے حوالہ سے موقع پر رہنمائی کی گئی جن میں سے چیدہ چیدہ بذیل ہے

٭ مکئی کی فصل بڑھوتری کے مرحلہ پر ہے زمینداران کو بتایا گیا کہ جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے گوڈی کریں، پودوں کی تعداد کو مناسب کرنے کیلئے چھدرائی کریں اور مٹی چڑھائیں، یوریا کھاد 03کلوگرام فی کنال استعمال کریں ۔

٭ کاشت شدہ سبزیوں کا معائنہ کریں ، جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے گوڈی کریں ، بیماری یا کیڑوں کے حملہ کی صورت میں سفارش کردہ کرم کش ادویات استعمال کریں۔موسم سرما کی سبزیات کیلئے منصوبہ بندی کریں۔

٭ جن زمینداران نے محکمہ کے تعاون سے مکئی کے بیج کی پیداوار کیلئے ’’سیڈانکریز بلاک‘‘ تنصیب کئے ہیں کو ہدایت کی گئی کہ جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے گوڈی کریں اور پودوںپر مٹی چڑھائیں ، یوریا کھاد 03کلوگرام فی کنال استعمال کریں۔ اگر جڑی بوٹیاں زیادہ ہوں تو ان کی تلفی کیلئے محکمہ کی جانب سے سفارش کردہ جڑی بوٹی مار زہر (گینگھوی 400 ملی گرام فی ایکڑپانی میںملا کر) استعمال کریں۔

٭ سدابہار پودوں (کینو،مالٹا، لیموں ، امردو اور لوکاٹ) کے باغات کی دیکھ بھال کریں ، زیادہ بارش کی صورت میں باغات سے پانی کی نکاسی کریں ۔ پت چھڑ پودوں (آلوبخارہ، خوبانی اور آڑو) کی رنگ بڈنگ پیوندکاری کریں۔ لیموں اور مٹھاکے پودوں کی ایئر لیئرنگ کے ذریعے افزائش نسل کریں۔

ضلع میرپور
ضلع میرپور کے 17 توسیع مراکز کے تحت گائوں کی سطح17 ’’سوموار میٹنگز‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ مختلف موضعات میں 220 سے زائد زمیندارا ن نے شرکت کی۔ میٹنگز میں زمینداران کو پیش آمدہ مشکلات کے حوالہ سے موقع پر رہنمائی کی گئی جن میں سے چیدہ چیدہ بذیل ہے

٭ زمینداران کو بتایا گیا کہ دھان کی پنیری منتقل کرنے سے پہلے کھیت کو پانی دے کر ہل اور سہاگہ چلائیں تاکہ مٹی اور پانی یکجان ہوجائیں۔ منتقلی کے دو تین دن کے بعد جڑی بوٹیاں سے بچائو کیلئے جڑی بوٹی مار زہر (بیوٹا کلور 100ملی لیٹر فی کنال پانی میں ڈال کر) استعمال کریں۔مکئی کی فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے گوڈی کریں، یوریا کھاد 03کلوگرام فی کنال استعمال کریں ۔

٭ زمینداران کو بتایا گیا کہ موسم گرما کی پچھیتی سبزیات کی کاشت کو مکمل کریں اور موسم سرما کی سبزیوں کی اگیتی کاشت کیلئے تیاری کریں۔

٭ باغات سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کریں۔ پھلدار پودہ جات (ترشاوہ پھل، بیر اور آم )کی پیوندکاری کریں۔ کھٹی اور امرود کی پنیری لگانے کیلئے زمین تیا ر کریں زیبائشی پودہ جات کی کٹنگ لگائی جائیں ۔ پھل کی مکھی اور آم کی گدھیڑی کے تدارک کیلئے (پیسٹ سکائوٹنگ) جنسی پھندے لگائیں۔

٭ کریلہ کی فصل میں فروٹ فلائی کے حملہ کے تدارک کیلئے بات ہوئی۔

٭ فارمر گروپس کی اہمیت اور فارمنگ تنظیموں کو فعال کرنے کے بارے میں بات چیت ہوئی۔

ضلع بھمبر
ضلع بھمبر کے 16 توسیع مراکز کے تحت گائوں کی سطح16 ’’سوموار میٹنگز‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ مختلف موضعات میں 200 سے زائد زمیندارا ن نے شرکت کی۔ میٹنگز میں زمینداران کو پیش آمدہ مشکلات کے حوالہ سے موقع پر رہنمائی کی گئی جن میں سے چیدہ چیدہ بذیل ہے

٭ زمینداران کو بتایا گیا کہ تحصیل سماہنی کے علاقوں میں مکئی کے فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے گوڈی کریں، پودوں کی تعداد کو مناسب کرنے کیلئے چھدرائی کریں اور مٹی چڑھائیں، یوریا کھاد 03کلوگرام فی کنال استعمال کریں ۔ باجرہ کی کاشت کو مکمل کریں۔

٭ زمینداران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور آرمی ورم کے حملہ کی صورت میں محکمہ کی سفارش کردہ کیڑے مار زہر (ایمامیکٹرین 3ملی لیٹر فی لٹر پانی میں) استعمال کریں اور روشنی کے پھندے لگائیں۔

٭ زمینداران کو بتایا گیا کہ موسم گرما کی پچھیتی سبزیات کی کاشت کو مکمل کریں اور موسم سرما کی سبزیوں کی اگیتی کاشت کیلئے تیاری کریں۔

٭ چارہ سدا بہار کی دوسری کٹائی مکمل کرلیں ۔ موسم ربیع کے چارہ جات جئی ، برسیم اور شفتل کے مداخل پیداوار کا بندوبست کریں اور زمین تیار کریں۔ چارہ چری (جوار) کی برداشت شروع کریں۔

٭ باغات سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کریں۔ پھلدار پودہ جات (ترشاوہ پھل، بیر اور آم )کی پیوندکاری کریں۔ کھٹی اور امرود کی پنیری لگانے کیلئے زمین تیا ر کریں زیبائشی پودہ جات کی کٹنگ لگائی جائیں ۔ پھل کی مکھی اور آم کی گدھیڑی کے تدارک کیلئے (پیسٹ سکائوٹنگ) جنسی پھندے لگائیں۔

٭ گندم کے سٹور کرنے کا طریقہ اور کیڑوں سے بچائو کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

اس طرح18جولائی2022ء کو آزادکشمیر بھر میں 229’’سوموارمیٹنگز‘‘ کاانعقاد ہوا جس میں 2,345 سے زائد زمینداران نے شرکت کی۔ محکمہ کے اس اقدام سے آزادکشمیر کے کسانوں کو زرعی امور کے بارے میں جدید ٹیکنالوجی سے آگاہ کرنے میں آسانی ہوگی اور کسانوں کی زرعی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ کسانوں کو اپنی بات کہنے کیلئے ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا ہوگا جو ان کے اپنے کھیت میں عملی تربیت کے فروغ کا باعث ہوگا۔

Leave a Reply